ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 756 واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال پسرور روڈ پر سینئر نائب صدر خان عباس خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز حافظ عبدالغفار کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ انوار احمد سیال نے پیش کی۔ جنرل سیکرٹری کی غیر موجودگی میں ایگزیکٹو ممبر شاہ نواز مغل ایڈووکیٹ نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
اس موقع پر صدر میاں سعید احمد صراف اور جنرل سیکرٹری محمد انور مغل بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے ماہ مئی 2025 کی مالی رپورٹ پیش کی، جسے بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔ بینک بیلنس کو تسلی بخش قرار دیا گیا اور فنڈ ریزنگ کرنے والے ممبران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ اجلاس کی شائع شدہ خبروں کی رپورٹ پیش کی، جس پر ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
اجلاس میں زچہ بچہ ہسپتال کے سابق ایڈمن محسن غوری اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ سوات میں پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا، جس میں 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ طے پایا کہ اجلاس کے بعد تعزیت کے لیے ان کے گھر جایا جائے گا۔
شہر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے ممبران نے گہری تشویش ظاہر کی کہ ڈسکہ کی کوئی بھی سڑک درست حالت میں نہیں، تمام سڑکیں اُکھاڑی جا چکی ہیں۔ اجلاس میں انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ تعمیری کام جلد مکمل کر کے عوام کو سہولت فراہم کی جائے، اور برسات کے موسم میں نکاسی آب کا مؤثر بندوبست کیا جائے۔
اجلاس کا اختتام افتخار احمد کھوکھر کے والد کی وفات پر دعائے مغفرت، حافظ عبدالغفار کی دعا اور شاہ نواز مغل کی تواضع کے ساتھ کیا گیا۔