بھارتی ایئرلائن کی مسقط سے ممبئی آنے والی پرواز میں ایک حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب دورانِ پرواز ایک تھائی خاتون نے 35 ہزار فٹ کی بلندی پر بچے کو جنم دے دیا۔ یہ واقعہ رات تقریباً 3 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا جب خاتون کو اچانک زچگی کے درد شروع ہوئے۔

بھارتی ایئرلائن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، خاتون کے تکلیف میں آنے پر فضائی عملے نے فوری طور پر حالات کا ادراک کیا اور پیشہ ورانہ انداز میں ضروری اقدامات شروع کیے۔ عملے نے قریبی نشستوں پر بیٹھے مسافروں سے نشستیں خالی کرنے کی درخواست کی تاکہ زچگی کے لیے عارضی اور محفوظ جگہ بنائی جا سکے۔خوش قسمتی سے پرواز میں ایک تربیت یافتہ نرس بھی سوار تھیں جنہوں نے فضائی عملے کی مدد سے خاتون کی کامیاب ڈلیوری مکمل کروائی۔ اس دوران مسافروں کو کہا گیا کہ وہ خاتون کی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے موبائل فون بند رکھیں اور تصویر کشی سے گریز کریں۔

پائلٹس نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے فوری طور پر ترجیحی لینڈنگ کی اجازت حاصل کی۔ صبح 4 بجے کے قریب پرواز ممبئی ایئرپورٹ پر اتری جہاں پہلے سے موجود ایمبولینس اور طبی عملے نے ماں اور نومولود کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ایئرلائن کے ترجمان نے اس واقعے کو "انتہائی غیر معمولی اور انسانی جذبے سے بھرپور لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ،”ہماری ٹیم نے جس مہارت، ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ یہ واقعہ ہماری سروس کے معیار اور مسافروں کی فلاح و بہبود کے عزم کا عکاس ہے۔”

ماں اور بچہ دونوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے اور انہیں مزید نگہداشت کے لیے اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کو بے حد سراہا جا رہا ہے اور مسافروں نے ایئرلائن اور عملے کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔

Shares: