سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیورورپورٹ+ سٹی رپورٹر )سانحہ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کی 22ویں برسی کے موقع پر ضلعی عدلیہ سیالکوٹ میں ایک پُراثر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم طاہر سید نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن افضال اسلم بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز یادگار شہداء پر پھول چڑھانے اور شہید ججز کے لیے مغفرت کی اجتماعی دعا سے ہوا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کر کے ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم طاہر سید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی 2003 کا دن عدلیہ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، جب چار معزز جج صاحبان نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے معائنہ کے دوران دورانِ ڈیوٹی جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان جج صاحبان کی قربانی عدلیہ کی آزادی، سچائی کی سربلندی اور نظامِ عدل کے تحفظ کی ایک روشن مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہداء ججز کا صبر و استقامت اور فرض شناسی آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور عدلیہ و بار ایسوسی ایشن ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ تقریب میں شریک تمام ججز اور وکلاء نے بھی شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کیں اور ان کی عظمت کو سلام پیش کیا۔

Shares: