اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن و مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ادارہ تحقیقات افزائش حیوانات بہادر نگر کا دورہ کیا اور مویشیوں کی افزائش نسل کے حوالے سے جاری منصوبہ جات و سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر مقصود اختر، میجر نوید اسلم اور اسٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر لائیو اسٹاک نے ادارے میں جاری تحقیقی سرگرمیوں، جانوروں کی افزائش نسل کے جدید سائنسی طریقہ کار، ادویات، بہتر چارہ (فوڈر)، اور گوشت و دودھ کی پیداوار بڑھانے سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے انقلابی اور مثالی اقدامات کر رہی ہیں، جن کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ افزائش حیوانات بہادر نگر جدید تحقیق، اختراعات اور فیلڈ لیول پر اطلاق کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ تحقیقاتی عمل، آپریشنل کارکردگی، اور وسائل کے شفاف استعمال کو جاری رکھتے ہوئے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ مویشی پال کسان براہِ راست مستفید ہو سکیں۔

Shares: