سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے جانے والے7 پاکستانی المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سےتھا جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، بونیر کے علاقے ڈاگئی طوطالئی سے تعلق رکھنے والے کل 13 افراد کا ایک قافلہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گیا تھا۔ یہ مقدس زائرین عمرے کی ادائیگی مکمل کرکے عرفات سے مدینہ منورہ جا رہے تھے کہ راستے میں ایک شدید ٹریفک حادثہ پیش آیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی پاکستانی کمیونٹی اور قونصل خانے نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی حکام نے زخمیوں کے علاج اور جاں بحق ہونے والوں کی آخری رسومات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔