سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈویژنل بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث بدنامِ زمانہ فانا گینگ کے سرغنہ سمیت دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ یہ اہم کارروائی ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مہم کے تحت عمل میں لائی گئی۔
ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوٹلی لوہاراں سب انسپکٹر شہباز اشرف نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز چھیننے اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے درج ذیل اشیاء برآمد کی ہیں:2 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں،نقدی 1 لاکھ 30 ہزار روپے،2 عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز،2 عدد 30 بور ناجائز پسٹل بمعہ متعدد گولیاں
گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان ولد عبدالرحمن سکنہ چک 142 سلانوالی ضلع سرگودھا، اور طاہر ولد رحمت اللہ سکنہ چک 116 سلانوالی ضلع سرگودھا کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان تھانہ کوٹلی لوہاراں کی حدود میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہے، جن سے 11 مقدمات ٹریس کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر حوالات بھجوا دیا ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔