واربرٹن (باغی ٹی وی، عبدالغفار چوہدری)واربرٹن کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت حاجی محمد اکرم آرائیں کی اہلیہ کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک پروقار ایصالِ ثواب و دعا کی تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں علاقہ بھر سے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات، علما کرام اور نعت خواں حضرات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ معروف نعت خواں ظہیر الحسن ظہور ، استاد جوجی علی خان، مدثر ہمدانی، فیصل قیوم اور ننھے نعت خواں موحد نے اپنے مخصوص انداز میں نعتیں پیش کر کے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔

پروگرام میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر علامہ محب النبی طاہر نے کہا کہ "ہمیں برائیوں سے بچنے کے لیے اپنی موت کو یاد رکھنا چاہیے اور زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق بسر کرنا چاہیے۔ نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اطہر کو ہر مقام پر مقدم رکھنا چاہیے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ فضول اور لاحاصل بحثوں سے اجتناب کریں اور جن باتوں کا مکمل علم نہ ہو، ان پر خاموشی اختیار کرنا ہی بہتر ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر علی ثقلین حیدر نے اشعار کی صورت میں اپنی والدہ مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس سے فضا جذباتی اور روحانی کیفیت سے بھر گئی۔ آخر میں حاجی محمد اکرم آرائیں نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی شرکت نے اس روحانی محفل کو حقیقی معنوں میں ایصالِ ثواب کا ذریعہ بنایا۔

تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Shares: