اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار: حبیب خان)موضع لاڑ بستی کھنڈو، تھانہ نو شہرہ جدید کی حدود میں زمین کے تنازع نے خاندانی رشتوں کو دشمنی میں بدل دیا ہے۔ نذیر احمد نامی شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سگے بھائی وزیر احمد نے زرعی زمین ہتھیانے کی غرض سے نہ صرف اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر رکھی ہیں بلکہ اس کی جان کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
نذیر احمد نے اس سلسلے میں تھانہ نو شہرہ جدید، ایس ایچ او اور ڈی پی او بہاولپور کو متعدد بار تحریری درخواستیں دیں، تاہم پولیس کی جانب سے مکمل خاموشی اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہی گھر میں غیر محفوظ ہو چکا ہے اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی اسے موت کے منہ کی طرف دھکیل رہی ہے۔ اس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کوئی افسوسناک واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
علاقہ مکینوں نے بھی پولیس رویے پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی تنازعات جیسے نازک معاملات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے عملی ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے اب بھی آنکھیں بند رکھیں تو یہ خاندانی جھگڑا کسی بڑے خونی سانحے میں بدل سکتا ہے۔
سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی پی او بہاولپور فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیں، نذیر احمد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور وزیر احمد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی غیر سنجیدگی نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے، جو کسی وقت بھی قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ اگر بروقت اقدام نہ اٹھایا گیا تو صرف مذمت اور افسوس باقی رہ جائے گا۔