سینئر صحافی و اینکر پرسن، سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے
مبشر لقمان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ان کی رہائش گاہ پر ہوئی،ملاقات میں ملکی و بین الاقوامی امور پر بات چیت کی گئی، پاک فوج کی جانب سے بھارت کو آپریشن بنیان مرصوص میں منہ توڑ جواب دینے پر بھی بات چیت کی گئی،
اس ضمن میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوئی ہے اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ بھی موجود تھے.مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے ملک کے لیے تاریخی فتح حاصل کی ہے، جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ دنیا ہماری جانب دیکھ رہی ہے اور اب ہمیں اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے ملک میں اقتصادی اصلاحات لانا ہوں گی، موجودہ حالات میں معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔
ملاقات کے دوران ذمہ دارانہ صحافت اور سچ کا بول بال کرنے ،آپریشن بنیان مرصوص کے دوران حقائق پر مبنی وی لاگز کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے مبشر لقمان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی بیانیے کا جس انداز میں بروقت رد کیا وہ قابل تحسین ہے.








