پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں اپنی قربانیوں اور ثابت قدمی سے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرعزم، باوقار اور خودمختار ریاست ہے،وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کے لیے دی جانے والی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، آج ان ہی قربانیوں کے ثمرات کی بدولت پاکستان کا تشخص ایک مرتبہ پھر عالمی منظرنامے پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بدلتے ہوئے حالات اور سیاسی رجحانات میں بھارت کی دوغلی پالیسی کا پول کھل چکا ہے، خطے میں امن و استحکام کے دعوے کرنے والا بھارت درحقیقت نفرت، انتہا پسندی اور سازشوں کا گڑھ بن چکا ہے، جس کی وجہ سے اب اس کے دیرینہ اتحادی بھی اس سے نالاں ہو کر دوری اختیار کر رہے ہیں،خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکہ تجارتی معاہدہ بظاہر خوش آئند تا ہم اس معاہدے کی تمام تفصیلات اور مندرجات قوم کے سامنے لائی جائیں،پاکستان کو اپنی خود مختاری، قومی سلامتی اور داخلی مفادات کو ہر حال میں مقدم رکھنا ہوگا، ماضی میں امریکہ کے ساتھ تعلقات کے تلخ تجربات ہمارے سامنے ہیں،جن کو سامنے رکھا جائے،کسی بھی معاہدے میں شمولیت سے قبل انتہائی سوچ و بچار، قومی اتفاق رائے قائم ہونا چاہیے

خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کےپاس موقع ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر کرے اور کشمیریوں کو بھارتی ظلم وجبر سے نکلوائے، مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہر فورم پر عوامی جذبات کی ترجمانی جاری رکھے گی۔

Shares: