اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) مظفرگرھ کی تحصیل علی پور شہر اور اس کے نواحی علاقے کندائی میں آوارہ کتوں کی بھرمار خطرناک صورت اختیار کر گئی ہے۔ حالیہ واقعے میں ایک خونخوار آوارہ کتے نے غریب شخص کے بھیڑوں کے ریوڑ پر حملہ کر کے پانچ بھیڑوں کو شدید زخمی کر دیا، جن میں سے دو موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق علی پور کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتے شہریوں اور مال مویشیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں، خاص طور پر رات کے وقت یہ کتے راہگیروں اور جانوروں پر حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق کندائی کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے کتے کے دو مبینہ مالکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تھانہ کندائی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور کتے کو تلف کر دیا گیا ہے جبکہ بھیڑوں کے مالک کو پہنچنے والے مالی نقصان کا بھی ازالہ کروا دیا گیا ہے۔
اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ شہریوں اور مویشیوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔








