شانِ پاکستان
تحریر: مقدس ارشد
پاکستان کی بنیاد ایک عظیم مقصد کے تحت رکھی گئی تاکہ مسلمانوں کو ایک آزاد خطہ مل سکے جہاں وہ اپنے دین ،روایات اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں ۔ یہ خطہ دنیا کے افق پر ایک نئی امید اور نور بن کر ابھرا ۔ پاکستان صرف ایک ملک ہی نہیں بلکہ عظیم نظریہ ، ہزاروں قربانیوں کی روشن مثال اور امیدوں کا چراغ ہے ۔ یہ وہ سر زمین ہے جہاں غیرت ، عزم اور محبت ایک دوسرے سے لپٹے ہوئے ہیں ۔

پاکستان کی تاریخ بہت سی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ 1947ء کا سورج آزادی کی خوشبولیے طلوع ہوا اور لاکھوں قربانیوں کے بعد مسلمانوں کو یہ وطن نصیب ہوا۔

1947ء میں حاصل ہونے والی آزادی صرف جغرافیائی تبدیلی نہیں تھی بلکہ ایک سوچ اور جدوجہد کا عملی اظہار بھی تھی ۔ ہمارے رہنما قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں نے ہمیں یہ آزادی دلائی ہے ۔

پاکستان کی سر زمین دنیا کی خوبصورت ترین وادیوں ، پہاڑوں اور دریاؤں پر مشتمل ہے ۔ شمال میں برف پوش پہاڑ ، جنوب میں بلوچی صحرا اور وسط میں پنجاب کے میدان، یہ سبھی مل کر پاکستان کو قدرت کا انمول تحفہ بناتے ہیں ۔

یہ وطن مختلف ثقافتوں ، زبانوں اور قومیتوں کا حسین گلدستہ ہے ۔ سندھ کی ثقافتی رونق ، پنجاب کی مہمان نوازی ، خیبرپختونخواہ کی عزت اور بلوچی بھائیوں کی سادگی سب مل کر پاکستان کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں ۔

تعلیم اور سائنس میں پاکستان نے بہت سے کارنامے سر انجام دیے ۔ ڈاکٹر عبدالسلام نے فزکس میں نوبیل انعام جیت کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ۔ اس کے علاوہ ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کےلیے کوششیں اورارفع کریم کا آئ ٹی کی دنیا میں کارنامہ سب اس وطن کی شان کا حصّہ ہیں ۔

پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین زرعی ممالک میں ہوتا ہے ۔ یہاں گندم ،چاول ، مکئ ، گنا اور کپاس جیسی فصلیں پیدا ہوتی ہیں ۔ پاکستانی آم ،مالٹے اور کینو کی ایک الگ پہچان ہے ۔

کھیلوں کے میدان میں بھی پاکستان پیچھے نہیں ۔ ہاکی فیڈریشن ، کرکٹ اسکواش اور سنوکر میں پاکستان نے بہت سے اعزازات جیتے۔ عمران خان ، جہانگیر خان اور یونس خان جیسے ہیرو اس مٹی کی شان ہیں ۔

پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ سونا ، نمک ، کوئلہ ، گیس اور تیل کی دولت اس سر زمین کی گود میں چھپی ہوئی ہے ۔

پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بےشمار نعمتوں سے نوازا ہے ۔ دنیا کا دوسرا بڑا گلیشیئر ، سب سے بڑی نمک کی کان ، دنیا کی خوبصورت جھیلیں اور صحرا فقط پاکستان میں ہیں ۔ یہاں کے شہر ، دیہات اور قدرتی مناظر ہر سال لاکھوں سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں ۔

پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہوتی ہے ۔ ہمارے فوجی سپاہی ہر آفت میں قوم کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں ۔ قدرتی آفات ہوں یا دشمن کی سازش ، یہ بہادر سپاہی اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کا دفاع کرتے ہیں۔

پاکستان کی سب سے بڑی شان اس کے لوگ ہیں ۔ پاکستانی قوم ہمیشہ مشکل وقت میں متحد اور با ہمت رہی ہے ۔ زلزلے ہوں یا سیلاب قوم نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔

پاکستان ایک نئی امید، نئے جذبے اور روشن مستقبل کا ملک ہے ۔ آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم محنت ، ایمانداری اور بھائی چارے کے ساتھ اس وطن کو مزید مضبوط اور شان دار بنائیں ۔ نوجوان نسل اس ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔ اگر ہم سب سچے جذبے کے ساتھ اپنا اپنا کردار ادا کریں تو کوئی بھی وجہ نہیں کہ پاکستان دنیا کے بہترین ممالک میں شامل نہ ہو سکے ۔

پاکستان ہم سب کے لیے اللہ کی دی ہوئی بہت بڑی نعمت ہے ۔ اس سر زمین کی ترقی ،عزت اور سالمیت کے لیے ہم سب کو بھر پور کوشش کرنا ہو گی ۔
آئیے ہم سب مل کر شانِ پاکستان کو مزید بلند کریں اور دنیا کو بتا دیں کہ یہ ملک واقعی عظمت اور شان کی علامت ہے ۔

Shares: