چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے خوفناک تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں بزرگ افراد کے ایک کیئر ہوم میں کم از کم 31 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ کے وسطی ضلع میون (Mentougou) کے ایک ٹاؤن میں واقع ایلڈرلی کیئر سینٹر سیلابی پانی کی زد میں آگیا۔ اس مرکز میں تقریباً 77 بزرگ شہری مقیم تھے، جن میں سے 40 افراد سیلاب کے باعث عمارت کے اندر پھنس گئے۔ امدادی کاموں کے دوران تصدیق ہوئی کہ 31 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مرکز میں پانی کی سطح تقریباً 2 میٹر (تقریباً 6 فٹ) تک بلند ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے عمارت کے اندر موجود ضعیف افراد کو باہر نکلنے کا کوئی محفوظ راستہ نہیں مل سکا۔ سیلابی ریلے نے عمارت کی نچلی منزلوں کو بری طرح متاثر کیا اور فوری انخلاء نہ ہونے کے باعث ہلاکتیں پیش آئیں۔

ایک مقامی چینی عہدیدار نے پریس کانفرنس کے دوران واقعے کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ حکام نے مذکورہ علاقے کو طویل عرصے سے محفوظ تصور کیا تھا، اس لیے کیئر سینٹر کو سیلاب کے خطرے کے دائرے میں شامل نہیں کیا گیا اور بروقت انخلاء کا فیصلہ نہ ہو سکا۔

چین کے مختلف علاقوں میں جاری مسلسل بارشوں اور سیلابی صورتحال نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔واقعے کے بعد جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے کیئر ہوم انتظامیہ اور مقامی حکام پر غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کئی خاندانوں کا کہنا ہے کہ بروقت خبردار کر دیا جاتا یا انخلاء کا بندوبست ہوتا تو یہ سانحہ ٹالا جا سکتا تھا۔حکام نے وعدہ کیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی، دیگر تمام کیئر ہومز اور حساس علاقوں میں فوری حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

Shares: