اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے مانک نوشہرہ کی بستی لکھویرا میں ایک خطرناک حد تک جھکا ہوا بجلی کا پول علاقہ مکینوں کے لیے موت کا سایہ بن گیا ہے۔ اس پول پر نصب ہائی وولٹیج مین سپلائی کی تاریں اور بجلی کے میٹر نہ صرف قریبی گھروں کو مسلسل خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ کسی بھی وقت ایک بڑے سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق پول کی بنیادیں مکمل طور پر کھوکھلی ہو چکی ہیں، سریے زنگ آلود ہو کر باہر نکل چکے ہیں اور یہ کسی بھی لمحے زمین بوس ہو کر درجنوں جانیں نگل سکتا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار واپڈا حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں، مگر افسوسناک حد تک کسی قسم کا کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا پر مجرمانہ غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام کو انسانی جانوں کی کوئی پروا نہیں۔ شہریوں نے میڈیا کے سامنے چیخ چیخ کر سوال اٹھایا کہ کیا متعلقہ ادارے صرف اس وقت جاگیں گے جب کوئی خونریز حادثہ پیش آ جائے گا؟
بستی لکھویرا میں اس صورتحال کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ بچے اسکول جانے سے ہچکچا رہے ہیں، بزرگ گھروں سے نکلنے سے گریزاں ہیں جبکہ خواتین ہر وقت کسی بھی ممکنہ حادثے کے ڈر سے سہمے ہوئے ہیں۔
مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور خطرناک پول کی فوری مرمت یا تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس جان لیوا خطرے کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو آئندہ پیش آنے والا کوئی بھی سانحہ مکمل طور پر واپڈا کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا نتیجہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔