پاکستان کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ صبا قمر شوٹنگ کے دوران اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال راولپنڈی منتقل کر دی گئیں، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد آئی سی یو (انتہائی نگہداشت وارڈ) میں داخل کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صبا قمر ایک اہم اور مسلسل جاری پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جہاں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے ان کا مکمل معائنہ کیا۔ ہنگامی بنیادوں پر انجیوگرافی سمیت متعدد طبی اقدامات کیے گئے۔ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچنے کے وقت اداکارہ کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، اور اگر بروقت طبی امداد نہ دی جاتی تو معاملہ سنگین ہو سکتا تھا۔ خوش قسمتی سے فوری کارروائی اور مسلسل نگرانی کے بعد صبا قمر کی حالت میں نمایاں بہتری آئی اور انہیں آئی سی یو سے اسپتال کے وی آئی پی روم میں منتقل کیا گیا،
ذرائع کا کہنا ہے کہ صبا قمر پچھلے کچھ ہفتوں سے ایک بڑے پروجیکٹ پر کام کر رہی تھیں، اور اس دوران وہ شدید ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی کا شکار ہو گئیں۔ ڈاکٹروں نے بھی تصدیق کی کہ ان کی حالت کا بگاڑ مسلسل جسمانی اور ذہنی تھکن کا نتیجہ تھا۔صبا قمر کو ڈاکٹروں نے چند ہفتے مکمل آرام اور جسمانی مشقت سے پرہیز کی ہدایت دی ہے۔ ان کی صحت اب خطرے سے باہر ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسپتال کی ڈاکٹرز ٹیم کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور تمام مداحوں، دوستوں اور شوبز ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔ اپنی انسٹا اسٹوری میں صبا قمر نے لکھا”سب کے پیار اور دعا کا بےحد شکریہ، میں بالکل ٹھیک ہوں اب، بس تھوڑا سا بریک لیا تھا۔ اب واپسی ویسے ہی ہوگی جیسے کبھی گئی ہی نہ تھی، اور نہ ہی میں کہیں جارہی ہوں۔”
اداکارہ کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے صبا قمر کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ معروف اداکاروں، ہدایتکاروں اور ساتھی فنکاروں نے صبا قمر کے لیے محبت بھرے پیغامات ارسال کیے ہیں۔