لاہور سے اسلام آباد جانے والی اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کالاشاہ کاکو کے مقام پر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جہاں ٹرین کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
حادثے کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی، مسافر چیخ و پکار کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کی مدد کرتے رہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 25 افراد معمولی زخمی ہوئے، جبکہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بعض بوگیاں مکمل طور پر الٹ گئیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مسافروں کو شدید خوف و ہراس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریلوے کے سی ای او اور ڈی ایس کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر ریلوے نے واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ریسکیو ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرہ مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹریک بحالی کا کام بھی فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
میرپورخاص میں جشن آزادی "معرکہ حق” کے عنوان سے تقریبات کا آغاز