بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کا باقاعدہ اعلان کیا، جس میں سال 2023 کی بہترین فلموں اور شاندار فلمی کارکردگیوں کو سراہا گیا۔ اس بار کے ایوارڈز میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے پہلی مرتبہ نیشنل ایوارڈ جیتا ہے
شاہ رخ خان کو ان کی فلم "جوان” میں بہترین اداکار کا اعزاز دیا گیا۔ یہ ایکشن تھرلر فلم بدعنوان نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والے ایک کردار کی کہانی پیش کرتی ہے، جس میں شاہ رخ خان کی اداکاری کو خاص طور پر سراہا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ وکرانت میسی کے ساتھ مشترکہ طور پر دیا گیا، جنہوں نے فلم "12ویں فیل” میں آئی پی ایس افسر منوج کمار کے کردار کو نہایت موثر اور حقیقت پسندانہ انداز میں نبھایا۔ اسی فلم کو اس سال کی بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔
فلم "مسز چٹرجی ورسز ناروے” میں ایک ہندوستانی ماں کا جذباتی اور پیچیدہ کردار ادا کرنے پر رانی مکھرجی کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ اس فلم کی کہانی ایک ماں کی ناروے میں اپنے بچوں کی تحویل کے لیے قانونی جنگ کی عکاسی کرتی ہے، جس میں ناروے کی چائلڈ ویلفیئر ایجنسی کے ساتھ اس کی جدوجہد دکھائی گئی ہے۔
بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ سدیپتو سین کو فلم "کیرالہ اسٹوری” کے لیے دیا گیا، جو سماجی مسائل پر مبنی ایک قابل ذکر فلم ہے۔کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بنی فلم "راکی اور رانی کی پریم کہانی” کو بہترین تفریحی فلم کا ایوارڈ دیا گیا، جو عوام میں خاصی مقبول رہی۔سال 2023 کی متنازعہ مگر کامیاب فلم "اینمل” کو تین ایوارڈز سے نوازا گیا، جن میں اسپیشل مینشن برائے ری-ریکارڈنگ، بہترین بیک گراؤنڈ اسکور، اور بہترین ساؤنڈ ڈیزائننگ شامل ہیں۔وکی کوشل کی جنگی فلم "سم بہادر” کو قومی اور سماجی اقدار کو فروغ دینے والی بہترین فلم قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ اس فلم نے بہترین میک اپ اور بہترین کاسٹیوم ڈیزائن کے ایوارڈ بھی حاصل کیے۔
علاقائی فلموں کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے۔تمل فلم "پارکنگ” نے بہترین تمل فلم، بہترین اسکرین پلے (رام کمار بالا کرشنن)، اور بہترین معاون اداکار (ایم ایس بھاسکر) کے تین ایوارڈز جیتے۔گزشتہ سال کنڑا فلم "کانتارا” کے لیے رشبھ شیٹی کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔اس سال بہترین اداکارہ کا ایوارڈ تمل فلموں کی اداکاراؤں نیتیا مینن (فلم "تروچیترامبلم”) اور مانسی پریک (فلم "کچھ ایکسپریس”) کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔








