میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی ،مشتاق علی لغاری)تعلقہ میرپور ماتھیلو کے گاؤں خدا بخش لغاری میں قائم گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول شدید تعلیمی بحران کا شکار ہو چکا ہے، جہاں 120 سے زائد طلبہ صرف دو اساتذہ کے رحم و کرم پر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسکول میں اساتذہ کی شدید قلت کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ایک ہی وقت میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے تمام طلبہ کو پڑھانا دو اساتذہ کے لیے نہ صرف ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکا ہے بلکہ بچوں کی ذہنی و تعلیمی نشوونما بھی متاثر ہو رہی ہے۔

اسکول کے حوالے سے والدین اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت تعلیم کو ترجیح دینے کے دعوے کرتی ہے، تو دوسری طرف دیہی علاقوں کے اسکولوں کی یہ حالت حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

علاقہ مکینوں نے TEO زاہد شاہ اور DEO گھوٹکی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین تعلیمی بحران کا فوری نوٹس لیا جائے اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول ولیج خدا بخش لغاری میں فوری طور پر اضافی اساتذہ تعینات کیے جائیں تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت مزید ضائع نہ ہو۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اسکول چھوڑنے کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے اور دیہی طلبہ کا تعلیمی مستقبل مزید تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔

Shares: