معروف اداکارہ شرمین حنا رضوی نے شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
اپریل 2024 میں حنا رضوی نے اپنے قریبی دوست اور اداکار عمار احمد خان سے شادی کی تھی، جو ڈرامہ سیریل بےشرم کےلیے مشہور ہیں۔ ان کی شادی ایک شاندار تقریب تھی، جس میں دونوں کے قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی،تاہم آج حنا رضوی نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے اپنی علیحدگی کی خبر دی۔
انہوں نے لکھاکہ’بہت دکھی دل کے ساتھ میں اعلان کرتی ہوں کہ میرے اور عمار احمد خان کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے میں سب سے گزارش کرتی ہوں کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کریں یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور ہم دونوں کو اس رشتے کے مستقبل کے بارے میں مزید سوچنے کےلیے وقت درکار ہے تب تک، براہِ کرم ہمیں جج نہ کریں کیونکہ شادی کے تعلق کی اصل نوعیت صرف ان دو افراد کو معلوم ہوتی ہے جو اس بندھن میں جڑے ہوتے ہیں،شکریہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اور میرے شوہر عمار اس وقت علیحدگی کے مرحلے میں ہیں، لیکن طلاق کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ہم دونوں کو کچھ وقت اور جگہ درکار ہے تاکہ ہم اس رشتے کے بارے میں بہترین فیصلہ کرسکیں۔
حنا نے چند ویڈیوز میں اپنی علیحدگی کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور ان لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کی زندگی کے اس نازک لمحے پر منفی تبصرے کررہے ہیں۔ شرمین حنا رضوی نے سوشل میڈیا پر ملنے والی تنقید پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔