پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ مکمل طور پر سیاسی ،قانونی اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہ کر سیاست کر رہی ہے. ہر اس خیال یا ظاہری و خفیہ بیانی،سازش،پلان کو مسترد کرتے ہیں جو ہماری پر امن سیاسی جدوجہد کو کسی بھی طور پر کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے جوڑنے اور ہائی جیک کرنے کی کوشش کرے۔ ہماری جدوجہد سیاسی، قانونی اور آئینی حوالے سے ہے، قطعی طور عسکری نہیں ہے، عسکری امور کا تعلق پاکستان کی مسلح افواج سے ہے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ ہمارا یقین ہے کہ پاکستان کے دفاع اور عسکری امور سے متعلق تمام تر ذمہ داری صرف اور صرف پاکستان کی مسلح افواج کی ہے، جو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر آئینی و قانونی ادارہ ہے۔ جس کی کارکردگی پر ہم مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ہم اپنی سیاسی حیثیت اور دائرہ کار کو بخوبی جانتے ہیں، اور ہمیشہ ملکی، سفارتی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہمارے نزدیک ایک کھلی زیادتی، ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اس قبضے کے خلاف آواز اٹھانا، نہ صرف سیاسی حق ہے بلکہ اخلاقی و انسانی فریضہ بھی ہے۔حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ ایسی پر امن، سیاسی جدوجہد کو کسی بھی قسم کی دہشتگردی سے جوڑنا نہ صرف غیر آئینی و غیر قانونی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بھارتی ریاستی بیانیے کا حصہ ہے، جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ہم پر امن ، دلیل پر مبنی اور ملکی و بین الاقوامی قانون کی دی ہوئی وسعت کے مطابق جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور دنیا بھر کے باشعور طبقات سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ حق و باطل میں فرق کریں۔

Shares: