چنیوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگارحسن معاویہ)4 اگست 2025 کو ملک بھر کی طرح چنیوٹ میں بھی یومِ شہداء پولیس انتہائی عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر یادگارِ شہداء پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

تقریب میں ڈی پی او عبداللہ احمد، ایس پی انویسٹی گیشن، صدر بار ایسوسی ایشن، شہداء کی فیملیز، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اور پولیس افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہداء کی فیملیز کو خصوصی پروٹوکول کے تحت تقریب میں لایا گیا، جہاں انہیں عزت و احترام کے ساتھ بٹھایا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او عبداللہ احمد اور دیگر افسران نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

ڈی پی او عبداللہ احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”ہم اپنے شہداء کے خون کے وارث ہیں، ان کے لواحقین کے دکھ سکھ کے ضامن ہیں۔ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر اور ہمارے محسن ہیں۔ ملک و قوم کی بقا اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنا عظیم قربانی ہے۔ پولیس کے جوان دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سینہ سپر ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔”

یومِ شہداء پولیس کی یہ تقریب شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنے اور نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو پروان چڑھانے کا اہم ذریعہ بنی۔

Shares: