برطانیہ میں طوفان فلورِس کی شدت کے باعث متعدد اہم سروسز متاثر ہوئیں اور حفاظتی اقدامات کے طور پر ٹرینوں کی سروسز منسوخ اور عوامی تقریبات ملتوی کر دی گئیں۔ برطانوی حکام نے مختلف علاقوں میں طوفان اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ایمبر اور یلو وارننگز جاری کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان فلورِس اسکاٹ لینڈ، شمالی آئر لینڈ، ویلز اور شمالی انگلینڈ میں غیر معمولی تیز ہوائیں اور موسلا دھار بارشیں لے کر آیا ہے۔ خاص طور پر اسکاٹ لینڈ کے وسیع حصوں میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ کی گئی ہے، جب کہ شمالی انگلینڈ، ویلز، شمالی آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے صبح چھ بجے سے یلو وارننگ جاری ہے۔نیوکاسل کے شمال میں ایسٹ کوسٹ مین لائن کی ریلوے سروسز کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ مغربی جانب پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کے لیے تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ہوائی سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ایڈنبرا میں پرنسز اسٹریٹ گارڈنز کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ طوفان سے کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، نارتھ بیروک میں آج ہونے والا "فرنج بائے دی سی” فیسٹیول بھی حفاظتی وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔حکام نے ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ طوفان اور تیز ہواؤں کی وجہ سے نظام زندگی میں بڑے پیمانے پر خلل پڑنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر عوام سے کہا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
برطانیہ میں آنے والے دنوں میں موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید حفاظتی اقدامات کی توقع ہے۔