وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انہیں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے نئے چیئرمین کی حیثیت سے تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بطور چیئرمین واپڈا اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید ایک منظم اور تجربہ کار افسر ہیں۔ امید ہے کہ وہ اپنی قیادت میں واپڈا کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹیں گے اور توانائی و آبی وسائل کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے۔”
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ملک میں توانائی کی صورتحال، جاری واپڈا منصوبہ جات، اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید مختلف اہم عسکری عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور وہ قومی خدمت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔