میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کا گاؤں خدابخش لغاری برسوں سے سیاسی نمائندوں کی غفلت اور حکومتی بے حسی کا شکار ہے۔ یہ گاؤں یونین کونسل جروار کے قریب واقع ہے اور یہاں کی بنیادی سہولیات کا فقدان اس قدر زیادہ ہے کہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ گاؤں آج بھی پتھر کے دور میں رہ رہا ہے۔
بارش کے بعد زندگی عذاب بن جاتی ہے
گاؤں میں سڑکیں پکی نہ ہونے کی وجہ سے ہلکی سی بارش بھی زندگی کو مفلوج کر دیتی ہے۔ بارش کے بعد گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی ہیں اور دو سے تین ماہ تک ان میں پانی کھڑا رہتا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے بچوں کا سکول جانا اور مریضوں کو ہسپتال پہنچانا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ گاؤں کے لوگ کیچڑ اور گندے پانی سے گزرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
ووٹ لے کر غائب ہونے والے سیاستدان
مقامی افراد کے مطابق ایم این اے علی گوہر خان مہر اور ایم پی اے سردار محمد بخش خان مہر ہر الیکشن میں یہاں آتے ہیں اور بڑے بڑے وعدے کر کے ہزاروں ووٹ لے جاتے ہیں۔ مگر پچھلے 14 سے 15 سالوں میں انہوں نے اس گاؤں کی جانب مڑ کر نہیں دیکھا۔ عوام کا صبر اب جواب دے چکا ہے اور وہ ان نمائندوں کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں۔
عوامی عدالت میں بے نقاب کرنے کا فیصلہ
گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ سیاستدان صرف ووٹ کے بھکاری ہیں، انہیں عوام کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر اب بھی ان کے مسائل حل نہ ہوئے تو وہ احتجاج، دھرنے اور میڈیا کے ذریعے ان نمائندوں کا اصلی چہرہ سب کے سامنے لائیں گے۔
مقامی افراد نے کمشنرسکھر، ڈپٹی کمشنرگھوٹکی اور دیگر تمام متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں اور گاؤں میں پکی سڑکوں، سیوریج کے بہتر نظام اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب انہیں صرف باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین ہے، کیونکہ صرف عمل سے ہی انہیں انصاف مل سکتا ہے۔