ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی، سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان امیر تیمور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز، اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ہدایت دی کہ چہلم کے جلوس اور مجالس کے لیے سیکیورٹی اور سہولیات عاشورہ کی طرز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم کو مکمل فعال رکھا جائے گا جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا موثر نظام نافذ کیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں چہلم کے موقع پر 12 مجالس اور 4 جلوس برآمد ہوں گے جن کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے مزید ہدایت دی کہ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، منتظمین اور رضاکاروں کے ساتھ قریبی روابط رکھے جائیں تاکہ امن و امان اور سہولیات کے انتظامات مؤثر انداز میں یقینی بنائے جا سکیں۔

Shares: