اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے علاقے مامون آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 30 سالہ عمر ولد شہباز نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنی 6 سالہ بیٹی ہانیہ کے ساتھ ابوظہبی نہر میں چھلانگ لگا دی۔ باپ بیٹی کے اس افسوسناک اقدام نے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑا دی۔
ذرائع کے مطابق، عمر کی اپنی بیوی کے ساتھ اکثر تنازعات رہتے تھے، اور گزشتہ روز ایک شدید جھگڑے کے بعد اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔ عمر اپنی معصوم بیٹی کو لے کر ابوظہبی نہر پر پہنچا، جو کہ ہیڈ پنجند سے نکلتی ہے، اور تقریباً 8 فٹ گہری اور 200 فٹ چوڑی ہے۔ نہر کی گہرائی اور تیز بہاؤ نے اس واقعے کو مزید خوفناک بنا دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ رات گئے تک باپ اور بیٹی کی لاشیں تلاش نہیں کی جا سکیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز بہاؤ اور گہرائی کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نہر میں پانی کی شدت اور گہرائی کے باعث لاشوں کا بہہ جانا ممکن ہے، تاہم ریسکیو اہلکار پرعزم ہیں کہ جلد دونوں کو تلاش کر لیا جائے گا۔
یہ سانحہ مامون آباد اور گرد و نواح کے باسیوں کو شدید صدمے میں مبتلا کر گیا ہے۔ اہل علاقہ اور سوشل کارکنان نے اس واقعے کو گھریلو مسائل کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا شاخسانہ قرار دیا ہے، اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کیسز میں نفسیاتی معاونت کا فوری بندوبست کیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔