اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے آنے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں اپنا کردار جاری رکھے گی اور آئندہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی کوئی حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوگی۔اسی دوران انہوں نے 5 اگست کے احتجاج کو ایک بار پھر کامیاب اور مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر حلقے میں پارٹی کے ارکان کی ذمہ داریاں مقرر تھیں اور ہر ضلع میں پارٹی کارکنان اور عوام نے بھرپور شرکت کی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاجی تحریکیں اس انداز میں ہوتی ہیں اور عوام کا اظہارِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے۔
مزید برآں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر رکن پارلیمنٹ پر تقریباً 50، 50 مقدمات درج ہیں اور پارٹی کے ارکان پہلے ہی مختلف قربانیاں دے رہے ہیں تاکہ پارٹی کے منشور کو آگے بڑھایا جا سکے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد کو اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی اور عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔