لاہور: فیصل ٹاؤن کے علاقے میں اکبر چوک فلائی اوور پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں میاں بیوی جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب موٹرسائیکل سوار شوہر کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر فلائی اوور کی باؤنڈری وال سے ٹکرا گئی۔
جاں بحق ہونے والے 65 سالہ شیخ افضل اور اُن کی اہلیہ 60 سالہ عابدہ نور اقبال ٹاؤن سے فیروز پور روڈ پر واقع اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ فلائی اوور سے اترتے ہوئے شیخ افضل کو دل کا شدید دورہ پڑا، جس کے بعد ان کی موٹرسائیکل دیوار سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی فلائی اوور سے نیچے جا گرے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون عابدہ نور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ شوہر افضل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اہل خانہ اور اہلِ علاقہ اس حادثے پر شدید غمزدہ ہیں۔
دوسری جانب لاہور شہر میں دیگر مختلف مقامات پر بھی خطرناک ٹریفک حادثات میں مزید پانچ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔شاہکام فلائی اوور پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔اسی مقام کے قریب کینال روڈ شاہکام چوک پر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار کی ٹکر سے تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور دو مزید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثات کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ ہے۔شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ پولیس نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ اور حفاظتی سامان کا استعمال کریں اور گاڑی چلاتے وقت رفتار پر قابو رکھیں۔