اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے ڈائریکٹر مانیٹرنگ عتیق الرحمان کی سیالکوٹ میں ہسپتال عملے کے ساتھ بدتمیزی اور گالیوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عتیق الرحمان عملے کے ساتھ انتہائی نامناسب رویئے کے ساتھ پیش آ رہے ہیں ، یہ ویڈیو بنا کر انہوں نے ٹک ٹاک پر بھی اپنے اکاؤنٹ پر اپلوڈ کر دی،
عتیق الرحمان نے علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ کے عملے کے ساتھ انتہائی بدتمیزی اور بدسلوکی کی، حتیٰ کہ ایک موقع پر وہ عملے کو تھپڑ مارنے کی کوشش بھی کرتے ہوئے دیکھے گئے۔عتیق الرحمان نے ہسپتال کے عملے پر نازیبا زبان استعمال کی اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی، جس سے ہسپتال کے اندر ایک ناخوشگوار صورتحال پیدا ہو گئی۔
مزید تشویشناک پہلو یہ ہے کہ عتیق الرحمان نے اس بدسلوکی کے مناظر کو اپنی ذاتی ٹک ٹاک ویڈیو پر بھی پوسٹ کیا، جس کا مقصد مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنا تھا۔ اس ویڈیو میں ان کا عملے کے ساتھ رویہ نہ صرف غیر پیشہ ورانہ بلکہ غیر اخلاقی بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے آفیسر کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے جو عملے کے ساتھ بدتمیزی کے ساتھ پیش آتے ہیں اور پھر اس کی ویڈیو بنا کر وائرل کرتے ہیں، اگر افسران کو ٹک ٹاک بنانے کا شوق ہے تو ایسے افراد کو سرکاری ملازمتوں سے نکالا جائے








