ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) تھانہ کوٹ مبارک پولیس اور لادی گینگ کے خطرناک کارندوں کے درمیان ہونے والے پولیس مقابلے میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ ڈاکو عبد الستار عرف راشد عرف کر چو ولد محمد رمضان قوم جندانی سکنہ تھلانگ جندانی ہلاک ہو گیا۔ مقتول ڈاکو لادی گینگ کا ایکٹو ممبر اور انتہائی مطلوب اشتہاری تھا، جو دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، رہزنی، بھتہ خوری اور پولیس پارٹیوں پر حملوں سمیت 40 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

ذرائع کے مطابق عبد الستار پر کئی بڑے جرائم کے الزامات تھے جن میں 20 جنوری 2023 کو چور پل کے قریب ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے لیڈی ڈاکٹر کے والد کو قتل کرنا، 11 نومبر 2023 کو تھانہ کالا میں پولیس گاڑی پر حملہ کر کے سب انسپکٹر رضوان محبوب کو شہید اور 3 اہلکاروں کو زخمی کرنا، 18 اپریل 2024 کو تھانہ صدر کی حدود میں ایک شہری کو قتل کرنا، 26 جنوری 2025 کو پولیس پر حملہ کر کے سب انسپکٹر محمد عرفان کو شدید زخمی کرنا، 3 فروری 2025 کو اندر پہاڑ میں ایک شہری کو قتل کرنا اور 27 مئی 2025 کو اندر پہاڑ میں سیمنٹ فیکٹری پر راکٹ لانچروں سے حملہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم جسمانی ریمانڈ پر تھا کہ دورانِ برآمدگی لادی گینگ کے سرغنہ ابراہیم عرف ابی چکرانی اور اس کے ساتھیوں نے پولیس گاڑی پر حملہ کر کے کانسٹیبل محمد آصف کو زخمی کر دیا اور عبد الستار کو چھڑا کر لے گئے۔ پولیس نے فوری طور پر ریڈنگ اور سرچنگ ٹیمیں تشکیل دیں اور قبرستان مراؤ جیانی کے قریب کارروائی کی۔ اس دوران ملزم اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں عبد الستار اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا، جبکہ باقی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی ان کی اولین ترجیح ہے۔

Shares: