سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات و جنگلات پنجاب کنول لیاقت نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ٹینری زون ایک ماحول دوست صنعتی منصوبہ ہے جو چمڑے کی صنعت سے پیدا ہونے والے فضلے اور آلودہ پانی کو جدید سائنسی طریقوں سے صاف کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت کیمیکل ریکوری پلانٹ کے ذریعے پانی کو مضر صحت اجزاء سے پاک کیا جائے گا، جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ عوامی صحت کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے گا۔ وہ سیالکوٹ ٹینری زون ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں، جس میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹینریوں کی زون میں منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 137 غیر منتقل شدہ ٹینریاں سیل کی جا چکی ہیں، 15 ٹینریاں زون میں فعال ہیں، جبکہ آئندہ 15 روز میں مزید 33 ٹینریاں فنکشنل ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایفولینٹ پلانٹ بھی جلد کام کا آغاز کرے گا، جس سے چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات عمران حامد شیخ نے کہا کہ ٹینری زون کی بروقت تکمیل حکومت اور صنعت کاروں دونوں کے مفاد میں ہے اور اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں شریک صنعت کاروں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف صنعت کی ترقی بلکہ ماحول کی بہتری، عوامی صحت کے تحفظ اور عالمی معیار کی پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

Shares: