میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے حکم پر ضلع بھر میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی اوباوڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں تھانہ کھمبڑا کی حدود کراس بند کراچی کے کچے والے علاقے میں پولیس نے اغواء کاروں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے۔ اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

10 تھانوں کی پولیس اور بکتر بند گاڑیاں شامل
ڈی ایس پی عبدالقادر سومرو کی قیادت میں 10 مختلف تھانوں کی بھاری نفری، اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ اس آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد گزشتہ روز اغواء کیے گئے دو مغویوں، صاحب ڈنو اور بالم میگھواڑ کی بازیابی ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی نے واضح کیا ہے کہ یہ آپریشن مغویوں کی بحفاظت بازیابی اور علاقے سے تمام ڈاکوؤں کے مکمل سرنڈر ہونے تک جاری رہے گا۔ یہ کارروائی کچے کے علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

Shares: