ترکی کے شہر استنبول سمیت دنیا بھر میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کی غزہ میں جاری عسکری کارروائیوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا ہے اور جنگ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

استنبول میں ہزاروں مظاہرین نے پرامن احتجاجی ریلی نکالی، جس میں انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری خونریزی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔اسی دوران، دنیا کے دیگر حصوں میں بھی فلسطینی عوام کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔ چلی کے دارالحکومت سینتیاگو میں احتجاج کرنے والوں نے خالی برتن بجا کر غزہ میں اسرائیل کی جانب سے لگائے جانے والے محاصرے اور جبری قحط کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی مدد کرے اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

ارجنٹائن میں بھی فلسطینیوں کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے دیکھنے میں آئے جہاں دارالحکومت بیونس آیرس میں سینکڑوں افراد نے غزہ میں جاری نسل کشی کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کی حفاظت ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ادھر اسرائیل کے اندر بھی غزہ کی جنگ کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ شہر تل ابیب میں یرغمالیوں کے اہل خانہ نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کرے تاکہ یرغمالیوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے حکومت کے خلاف احتجاجی ہڑتال کی کال دی ہے جو 17 اگست کو ملک گیر سطح پر منائی جائے گی۔

Shares: