ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت یوم آزادی کو شاندار طریقے سے منانے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد کھوکھر اور تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع افسران نے "معرکہ حق” اور "جشن آزادی” کی جاری تقریبات اور 14 اگست کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جشن آزادی کی تقریبات روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں اور 14 اگست کی مرکزی تقریبات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال یوم آزادی کی تقریبات "معرکہ حق” میں پاکستان کی فتح کے جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایات پر یہ تقریبات "حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک” کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام پبلک اور پرائیویٹ سکولوں میں آج سے تقریبات کا آغاز ہو جائے گا اور تدریسی سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 12 اگست کی شام علامہ اقبال پارک میں بچوں کے لیے میجک اور پپٹ شو سمیت دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ 13 اگست کی رات اسی پارک میں میوزیکل شو منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جشن آزادی میں نوجوانوں اور بچوں کی خصوصی شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اہم اعلانات اور ہدایات:
پرچم کشائی: ضلع کی مرکزی پرچم کشائی کی تقریب جمنازیم ہال میں ہوگی، جبکہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز پرچم کشائی سمیت دیگر تقریبات میں شرکت کریں گے۔
مقابلہ جات: ضلعی اور تحصیل سطح پر قرات، نعت، تقاریر اور دیگر مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا۔
شجرکاری: ضلع بھر میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے جا رہے ہیں۔
آتشبازی: 13 اگست کی رات میونسپل حدود میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
چھٹیاں منسوخ: 15 اگست تک ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور عملے سمیت تمام ضلعی اداروں کے افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

حفاظتی اقدامات: 14 اگست کو ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے جائیں گے۔ گوردوارہ جات اور چینی باشندوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اور تمام ایونٹس پر خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

دفعہ 144: 15 اگست تک ون ویلنگ، ہلڑ بازی، سلنسر اتارنے، نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ ہو گی۔ اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ لہرانے پر بھی پابندی ہو گی۔ پولیس کو پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور یہ ثابت کر دیں کہ وہ ایک زندہ اور باوقار قوم ہیں۔

Shares: