ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،نیوز رپورٹرشاہد خان) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں 14 اگست یوم آزادی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سید نوید عالم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ اس سال بھی یوم آزادی ملی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایات دیں کہ تقریبات کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے اور سکیورٹی، ٹریفک اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوگی جہاں پرچم کشائی کی جائے گی۔ اس تقریب میں اراکین اسمبلی، افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر ملی نغمے، تقاریر اور پریڈ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
کمشنر نے کہا کہ یوم آزادی کا پیغام ہر گھر اور ہر شہری تک پہنچایا جائے تاکہ اس دن کو ملک سے محبت اور عقیدت کے ساتھ منایا جا سکے۔








