اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے محمد پور میں ایک قیمتی زمین پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پہنچی پولیس پارٹی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد شاہد حسین شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، 10 اگست 2025 کو صبح 8 بجے خواجہ مرید حسین نے پولیس کو اطلاع دی کہ کچھ افراد ان کی 5 کنال اراضی پر زبردستی قبضہ کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر تھانہ اوچ شریف سے ایک پولیس ٹیم جس میں اے ایس آئی نذیر احمد، کانسٹیبل محمد شاہد حسین، اور ہیڈ کانسٹیبل محمد شاہ نواز شامل تھے، موقع پر پہنچی۔
پولیس کے پہنچنے پر ملزمان صدیق، شفیق، اور حمید (ولدان غلام علی کھوکھر) اپنے 8 سے 10 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مسلح حالت میں موجود تھے۔ انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ ملزم صدیق نے کانسٹیبل محمد شاہد کے سر پر سوٹی ماری، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں سے انہیں بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
زمین کے مالک خواجہ مرید حسین کے مطابق، یہ زمین انہیں وراثت میں ملی تھی۔ ملزمان اس کے قیمتی حصے پر قبضہ کرنے کے لیے ٹریکٹر سے ہل چلا رہے تھے۔ پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔









