سکیورٹی فورسز کا ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن، کارروائی میں 3 مزید بھارتی سپانسرڈ خوارج جہنم واصل ہو گئے
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 3 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ چار روزہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس آپریشن کے ذریعے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن و استحکام کو خراب کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ فورسز کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی سلامتی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاتی رہیں گی۔
افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دہشتگردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں،وزیراعظم
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان-افغانستان سرحدی علاقے، سمبازا میں خوارج کے خلاف ایک اور کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے،وزیرِ اعظم نے چند دن قبل اسی علاقے میں 47 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے کے بعد کل شب 3 مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دھشتگردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں جس پر مجھ سمیت پوری قوم انکو خراج تحسین پیش کرتی ہے. ملک سے دھشتگردی کے مکمل خاتمے کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.