اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور شخصیات کے ایک وفد نے ہرن مینار شیخوپورہ کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد اس تاریخی اور قدرتی ورثے کی اہمیت کو سمجھنا تھا۔

وفد میں کیمیکل، مکینیکل اور انوائرمنٹل انجینئرز کے علاوہ مینجنگ ڈائریکٹر اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال شامل تھے، جنہوں نے وفد کی قیادت بھی کی۔ دورے کے موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر شیخوپورہ افتخار احمد جنجوعہ، بلاک آفیسر عمران ورک اور ایس ڈی ایف او شرافت علی نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں ہرن مینار کی تاریخی، قدرتی اور ماحولیاتی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

افتخار احمد جنجوعہ نے بتایا کہ ہرن مینار صرف ایک تاریخی یادگار نہیں بلکہ حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ کا ایک اہم مرکز بھی ہے۔ انہوں نے جنگلات کی موجودہ صورتحال، شجرکاری مہمات اور ماحولیاتی تحفظ کے جاری منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔

وفد کے شرکاء نے ہرن مینار کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے محکمہ جنگلات کی کوششوں کو سراہا۔ وفد نے اس دورے کو ماحولیاتی آگاہی میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔ افتخار احمد جنجوعہ نے یقین دلایا کہ مستقبل میں ہرن مینار شیخوپورہ اس علاقے کا ایک خوبصورت اور دلکش تفریحی مقام بنے گا۔

Shares: