میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)میرپور خاص میں مئیر عبدالرؤف غوری کی صدارت میں ان کے دفتر میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی مئیر سمیرا بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص غلام حسین کانیہو، اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری، زینب حفیظ، ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس محمد فہیم میمن، ڈپٹی چیف وارڈن و ترجمان خلیل اللہ خان، ریسکیو 1122 کے عرفان خاصخیلی، ڈی ایس پی سٹی عبدالغفور خاصخیلی اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر مئیر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر تمام مطلوبہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اور اس حوالے سے میں خود تمام کاموں کی نگرانی کروں گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مذہبی رواداری، بھائی چارگی، امن و محبت کو فروغ دیا جائے، کیونکہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے بھی امن اور بھائی چارگی کا درس دیا ہے۔

Shares: