اسلام آباد: قومی اسمبلی کے نجی کارروائی کے دن ایوان نے متعدد اہم بل منظور کرلیے جن میں وکلا و بار کونسلز ترمیمی بل 2025، تیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل 2024 اور زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل 2025 شامل ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ریاض حسین فتیانہ نے آئینی ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جس میں پنجاب کی نئی حد بندی کرتے ہوئے "مغربی پنجاب” کے نام سے نیا صوبہ بنانے کی تجویز دی گئی۔ مجوزہ صوبے میں فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن شامل ہوں گے، جو زرعی، صنعتی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔بل میں صوبائی و وفاقی نشستوں کی نئی تقسیم بھی تجویز کی گئی ہے، جس کے تحت پنجاب کی جنرل نشستیں 114 اور خواتین نشستیں 24 ہوں گی، جبکہ مغربی پنجاب کے لیے 27 جنرل اور 8 خواتین نشستیں مختص ہوں گی۔ دیگر صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں بھی نشستوں کا ازسرنو تعین تجویز کیا گیا ہے۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹی تعلیم نے سید رفیع اللہ کے بل پر رپورٹ پیش کی، جس کے تحت جامعات میں مستحق اور پسماندہ طبقات کے لیے خصوصی نشستیں اور مفت اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کی تجویز دی گئی، تاکہ سماجی مساوات اور ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دیا جا سکے۔صحافیوں کے تحفظ سے متعلق ترمیمی بل 2025 پر ایوان میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی، شازیہ مری اور وزیر قانون کمیٹی کو بھیجنے پر زور دیتے رہے، تاہم ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ نے بل کی منظوری لے لی، بعد ازاں وزیر قانون کی ترمیم پر بل کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں غذائی اشیا کو قوت بخش بنانے کا بل 2025 بھی شائستہ پرویز ملک نے پیش کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتارعلیمہ خان کو چکری انٹرچینج پرچھوڑ دیا گیا