پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر لاہور برج ایسوسی ایشن اور لاہور جم خانہ کے اشتراک سے 14 اگست 2025 کو ایک روزہ برج ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ برج ٹورنامنٹ لاہور جم خانہ میں صبح 10 بجے شروع ہوگا۔اس ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے تقریباً 50 بہترین برج کے کھلاڑی حصہ لیں گے، جو جوڑی کی صورت میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے اور سب سے اعلیٰ مقام کے لیے سخت مقابلہ کریں گے۔

برج ایک ذہنی کھیل ہے جو دنیا بھر میں بہت مقبول ہے۔ پاکستان بین الاقوامی تنظیم ورلڈ برج فیڈریشن کا رکن ہے۔ پاکستان سے کئی نامور برج کے کھلاڑی سامنے آئے ہیں جن میں سب سے مشہور اور عالمی سطح پر معروف ضیا محمود ہیں، جنہیں پوری دنیا میں عزت اور شناخت حاصل ہے۔

لاہور برج ایسوسی ایشن،برج کو ایک مقبول کھیل بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے۔ حال ہی میں اس نے نئے برج کھلاڑیوں کی شمولیت کے لیے ایک پروگرام بھی شروع کیا ہے، جسے شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی ہے۔لاہور برج ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے پروگرامز کے ذریعے پاکستان میں برج کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا اور نئے نوجوان کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔

Shares: