لاہور:ملک بھر میں آج 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔

79 ویں یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیےتقریب کے آغاز پر رینجرز اور پاک فوج کے دستوں نے مزارِ اقبال پر سلامی پیش کی، جبکہ گارڈز کی تبدیلی کی رسمی کارروائی نہایت وقار، ترتیب اور فوجی اعزاز کے ساتھ انجام دی گئی،تقریب میں طلبہ، شہریوں، مختلف مکاتب فکر کے افراد اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے نہ صرف قومی پرچم تھامے ہوئے حب الوطنی کا مظاہرہ کیا بلکہ پاک فوج کے دستے کی مہارت پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

گارڈز کی تبدیلی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شہریوں نے بھی مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں مانگیں،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا خبیرآزاد نے مزار اقبال پر ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی جبکہ پنجاب کے وزراء نے بھی مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے مزار اقبال پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس موقع پر قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خاں کو پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد کی گئی، تقریب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس اور پاک بحریہ کے جوانوں نے مزار پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال کی مزار قائد پر حاضری دی، گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی، ہرسال 14اگست پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالتے ہیں، اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہے، ایک دستہ پاک بحریہ کےسیلرز، دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی 79 ویں یوم آزادی پر اوورسیز سمیت تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی۔

آصف علی زرداری نے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی79 ویں سالگرہ، یہ دن ہمیں جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، قائداعظم اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یوم آزادی بڑے فخر اور تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں، قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فتح تاریخ کا سنہری باب ہے، معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل قومی عزم اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں افواج نے بھرپور قوت سے کا دفاع کیا، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان صرف امن چاہتا ہے،جنگ ہرگز نہیں، پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،معرکہ حق میں فتح ہمارے عوام کیلئے نئے اعتماد کا ذریعہ ہے، معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کئےہیں، آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کے عالمی مقام کو مزید مستحکم کیا ہے-

گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ اورکور کمانڈر کراچی کی مزار قائد پر حاضری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ نے پرچم کشائی بھی کی،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں شب خون مارنے کی کوشش کی، افواج پاکستان نے بھارت کوایساجواب دیا کہ اس کی مثال نہیں ملتی، افواج پاکستان نےقوم کاسرفخرسے بلند کردیا، خطے میں پاکستان کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہیں، ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، فیلڈ مارشل کی تعریف سپرپاور امریکا کے صدر نے بھی کی، بھارت کےخلاف جنگ دفاعی،سفارتی اورصحافتی میدانوں میں جیتی۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

ملک بھر میں آج 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، قوم آج یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کیا جائے گارواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ نماز فجر میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پاکستان میں رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیاشہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

79 ویں یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

پرچم کشائی کی تقریب میں اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، علاقائی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم کو پاکستان مونومنٹ آمد پر پھول پیش کیےوزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی،پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے تو جنگ جاری رکھ کر بھارت کو مزید مزہ چکھا سکتے تھے لیکن امن پسند ہیں اس لیے دنیا کی بات مان لی۔

79 ویں یوم آزادی کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں معرکہ حق تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا تقریب میں راحت فتح علی خان ، سجاد علی، حدیقہ کیانی، عاطف اسلم اور کیفی خلیل سمیت نامور گلوکاروں کی پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا،پاکستان نے ایسا جواب دیا کہ بھارت دنیا کے سامنے گڑ گڑانے پر مجبور ہو گیا چاہتے تو جنگ جاری رکھ کر بھارت کو مزید مزہ چکھا سکتے تھے لیکن ہم امن پسند ہیں اس لیے دنیا کی بات مان لی اور جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی، پاکستان بنانے والا سندھ صوبہ ہے، سندھ صوبہ جشن آزادی کی تقریبات میں بھی آگے ہے-

Shares: