راولپنڈی کے علاقے تھانہ دھمیال کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سسرالیوں کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ واقعہ گرجا روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں خاتون کے سسرال والوں نے مبینہ طور پر تشدد کے بعد اس کی موت کو قدرتی قرار دے کر والدین کو صرف انتقال کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق متوفیہ کی لاش کو ابتدائی طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد اسے آبائی علاقے کوٹ ادو روانہ کر دیا گیا۔ تاہم، جب والدین اپنی بیٹی کی میت وصول کرنے کے لیے کوٹ ادو پہنچے تو انہوں نے لاش پر واضح تشدد کے نشانات دیکھے، جس پر انھوں نے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور سسرالیوں پر الزام عائد کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور والدین کے بیانات کی روشنی میں واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔
تھانہ دھمیال پولیس نے واقعہ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے قتل یا اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے کر مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔متوفیہ کے والدین اور عزیز و اقارب نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔