خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔
پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 43 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے۔پی ڈی ایم اے (کے پی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق افراد میں 33 مرد، 2 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 2 خواتین اور1 بچہ شامل ہے۔اعداد و شمار کے مطابق بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، 25 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 5 گھر مکمل تباہ ہوئے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے، سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔صوبائی ادارے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔