بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات کے دوران واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر سکھوں نے زبردست احتجاج کیا اور سفارتخانے کی عمارت کو گھیر لیا۔
بھارتی سفارتخانے میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب جاری تھی کہ اسی دوران سکھوں کے ایک گروپ نے احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں خالصتان کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، جن میں "بھارت مردہ باد” اور "قاتل مودی” کے نعرے نمایاں تھے۔مظاہرین نے بھارتی ترنگے کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سفارتخانے کے سامنے پھینک دیا، جس سے بھارتی سفارتی عملہ سخت خوفزدہ ہو گیا۔ صورتحال کے پیش نظر بھارتی عملے نے فوری طور پر پولیس کو طلب کیا جو کئی گھنٹوں تک احتجاجی جگہ پر موجود رہی۔
احتجاج کے دوران خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹر سندھو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "کل واشنگٹن میں خالصتان ریفرنڈم ہوگا، جس میں ووٹ ڈالنے کے لیے ہزاروں سکھ یہاں پہنچ رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب بھارتی پنجاب کو آزاد کرا کر خالصتان کا قیام عمل میں آئے گا۔”ڈاکٹر سندھو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ جدوجہد پرامن ہے لیکن سکھ برادری اپنے حقوق کے لیے پرعزم ہے اور عالمی برادری کو اس مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دینی ہوگی۔