بنوں: ضلع بنوں کی ولی نور اور سردی خیل چیک پوسٹوں پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کیا، تاہم سکیورٹی فورسز کی فوری اور موثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ ناکام بن گیا اور دہشتگرد فرار ہو گئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دہشتگردوں نے اچانک چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور دستی بم پھینکنے کی کوشش کی، مگر سکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کی اور علاقے کو محفوظ بنایا۔ اس کارروائی میں کسی سکیورٹی اہلکار یا عام شہری کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، اور علاقے میں چیک پوسٹوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی حملے کی کوشش کو روکا جا سکے۔
سکیورٹی فورسز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں تاکہ دہشتگردی کی وارداتوں کو مکمل طور پر ناکام بنایا جا سکے۔








