ڈیرہ غازی خان( باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر ) یکم ستمبر سے ڈیرہ غازی خان سمیت 16 اضلاع میں انسداد پولیو کی چار روزہ خصوصی مہم کا آغاز ہوگا جو چار ستمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے بعد ایک دن کیچ اپ ڈے کے طور پر مختص کیا گیا ہے تاکہ رہ جانے والے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان امیر تیمور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان اور شکیب سرور کے علاوہ محکمہ صحت، پاپولیشن، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً آٹھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 2369 موبائل ٹیمیں، 113 فکسڈ پوائنٹس اور 58 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 5542 افراد خدمات سرانجام دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کا مائیکرو پلان ازسرِ نو تشکیل دیا جائے تاکہ ہر ہدف شدہ بچے تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں، مزارات، جنرل بس و ویگن اسٹینڈز اور خانہ بدوش بستیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے اور ان کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس میں گزشتہ مہم کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے پولیو سیمپلز اور دیگر پہلوؤں پر غور کیا گیا اور خامیوں کے ازالے کے لیے احکامات دیے گئے۔

Shares: