پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا باضابطہ اعلان کیا،عاقب جاوید نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی اسکواڈ صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان علی آغا(کپتان)، حسن نواز، محمد حارث، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سلمان مرزا، حسن علی، سفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل ہے،فخر زمان پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، دستیاب کھلاڑیوں کو حصہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایک سوال پر کہا کہ ٹی 20 بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، ہم آخری 9 میں سے 6 میچز جیتے ہیں، 3 میں سے ایک میچ ہم آخری گیند پر ہارے، ایک میچ ہم تھوڑے سے رنز سے ہارے اور ایک میچ میں ہمیں بری طرح شکست ہوئی، مجموعی طور پر 9 میں سے 8 میچز ہم جیتنے کی پوزیشن میں تھے، ٹی 20 کے تناظر میں یہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم ون ڈے کے حوالے سے کسی اور وقت پر بات ہوسکتی ہے۔
سہ فریقی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں جبکہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں ہوگا۔