پاک فوج کی جانب سے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول بونیر، شانگلہ اور سوات میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے جوانوں نے ریسکیو آپریشنز تیزی سے انجام دے کر متاثرین کی جان بچانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھی ہوئی ہے۔

خیبر پختونخوا آرمی فلڈ ریلیف آپریشن کے تحت فوج کے دستے ٹوٹے ہوئے پلوں اور بند راستوں کو کھولنے میں مصروف ہیں تاکہ امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک جلد از جلد پہنچ سکیں۔موسم کی خراب صورتحال کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو ہسپتالوں تک منتقل کرنے کے علاوہ ضروری اشیاء کی فراہمی بھی یقینی بنا رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ڈاکٹرز کی ٹیمیں میڈیکل کیمپ لگا کر مفت ادویات فراہم کر رہی ہیں، تاکہ متاثرین کو فوری طبی امداد دی جا سکے۔

پاک فوج ایک دن کے راشن کی اشیاء بھی ضرورت مند افراد تک پہنچا رہی ہے، جن میں خوراک، پانی، اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، متاثرہ خاندانوں کو بستر، ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ عارضی طور پر محفوظ رہ سکیں۔ فوجی جوان ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں اور صورتحال کو قابو پانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔یہ امدادی کارروائیاں پاک فوج کی عوام کے لیے خدمت اور قربانی کے جذبے کی عکاس ہیں، جو مشکل وقت میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

Shares: