حکومت نے مالی سال 26- 2025 کیلئے دیت کی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ نے سال 26-2025 کیلئے دیت کے تعین کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا،وزارت خزانہ کے مطابق موجودہ مالی سال دیت کی رقم 98 لاکھ 28 ہزار 670 روپے مقرر کی گئی ہے، دیت کی رقم 30 ہزار 630 گرام چاندی کی مالیت کے مساوی ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے ہر مالی سال کے آغاز پر وفاقی کابینہ کی منظوری سے دیت کی رقم کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے،چاندی کی موجودہ قیمت کے حساب سے 30 ہزار 630 گرام چاندی کی قیمت 98 لاکھ 28 ہزار 670 روپے بنتی ہے
دیت کیا ہے؟
پاکستان کا شمار دنیا کے ان 50 سے زائد ممالک میں ہوتا ہے جہاں آج بھی سزائے موت کا قانون موجود ہےپاکستان میں جن جرائم پر مجرم کو سزائے موت سنائی جاسکتی ہے ان میں سے ایک قتل کا جرم بھی ہے تاہم کچھ مخصوص حالت میں مقتول کے لواحقین مجرم کی جانب سے دیت کی ادائیگی پر بھی راضی ہوسکتے ہیں۔
تعزیرات پاکستان (پاکستان پینل کوڈ) کی دفعہ 299 کے مطابق دیت وہ رقم ہے جو مجرم کی جانب سے مقتول کے لواحقین کو زرِ تلافی کے طور پر ادا کی جائے،تعزیرات پاکستان کی دفعہ 323 میں دیت کے رقم کے تعین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عدالت قرآن و سنت کی روشنی میں اور قاتل اور مقتول کے لواحقین کی مالی حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دیت کی رقم کا تعین کرے گی جس کی کم از کم مالیت 30 ہزار 630 گرام چاندی کی قیمت کے برابر ہوگی۔